پاکستان اسٹیل کی عالمی معیار کی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ

بزنس رپورٹر  پير 26 جنوری 2015
 ای سی سی نے بلٹ اوراسٹیل کی دیگر مصنوعات کی درآمد پر  5 سے 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ فوٹو: فائل

ای سی سی نے بلٹ اوراسٹیل کی دیگر مصنوعات کی درآمد پر 5 سے 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹیل کی بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی فروخت گزشتہ ادوارکے پیدا کردہ مسائل ہونے کے باوجود بہتری کی جانب گامزن ہے۔

چائنہ سمیت دیگر ممالک جہاں پیداوار پاکستان اسٹیل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے اورسستی مصنوعات تیار کی جارہی ہیں کیونکہ وہاں اسٹیل مصنوعات جو برآمد کے لیے تیار کی جاتی ہیں، ان پر نہ صرف وہ ممالک ایکسپورٹ ریبیٹ دیتے ہیں اور اِنہیں بجلی اور گیس ارزاں نرخوں پر فراہم ہونے کی وجہ سے پیداوار ی لاگت کم ہے۔

یہ ممالک اسٹیل کی مصنوعات پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مقامی مارکیٹ میں بڑی مقدار میں برآمدکررہے ہیں جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں مصنوعات کی فروخت کا توازن بگڑ کر رہ گیا ہے جبکہ اسمگل شدہ اسٹیل مصنوعات بھی ملک کی مقامی مارکیٹ میں بڑی مقدار میں موجود ہیں نیز گزشتہ ادوار میں جاری ہونے والے ایس آر اوز کے منفی اثرات پاکستان اسٹیل کی مصنوعات کی فروخت پر مرتب ہورہے ہیں۔

حال ہی میں ای سی سی نے بلٹ اوراسٹیل کی دیگر مصنوعات کی درآمد پر  5 سے 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی ہے لیکن ہاٹ رولڈ کوائلز اور شیٹس کی درآمد پر کوئی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد نہیں کی گئی جو پاکستان اسٹیل کی پیداوار کا بڑا حصہ ہے، اس صورتحال کے باعث پاکستان اسٹیل کو اپنی ہاٹ رولڈ مصنوعات فروخت کرنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں موجودہ انتظامیہ ایف بی آر اوروزارت خزانہ کے اعلی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے جس سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔

پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ٹریڈرز، کنزیومرز اور ڈیلرز سے اور لاہور او ر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے بھی ملک و قوم اور پاکستان اسٹیل کے مفاد میں مفید ملاقاتیں کی ہیں جن کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہونے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔