ٹانک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرین کا پیسکو کے دفتر پر دھاوا اور جلاؤ گھیراؤ

ویب ڈیسک  پير 26 جنوری 2015
 آئندہ ٹانک میں لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے کے بجائے دن میں 11 گھنٹے کی جائے گی، انتظامیہ کی مظاہرین کو یقین دہانی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

آئندہ ٹانک میں لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے کے بجائے دن میں 11 گھنٹے کی جائے گی، انتظامیہ کی مظاہرین کو یقین دہانی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ٹانک: بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ٹانک کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے دفتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیرا بھی کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیسکو انتظامیہ کی جانب سے ٹانک میں 20 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس پر شہری مشتعل ہوگئے اور سیکڑوں افراد نے پیسکو دفتر پر دھاوا بول دیا جب کہ مشتعل مظاہرین نے دفتر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے فرنیچر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی لیکن پولیس اور مظاہرین کے درمیان معاملات طے نہ ہوسکے جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی تاہم صورتحال کشیدہ ہونے پر انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کا فیصلہ کیا۔

پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں پیسکو انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ آئندہ ٹانک میں لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے کے بجائے دن میں 11 گھنٹے کی جائے گی اور مظاہرین کے مطالبے پر انتظامیہ نے انہیں ایکسئن اور ایس ڈی او پیسکو کو بھی تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔