کراچی میں فیکٹری منیجر کو 2 ہزار روپے کے عوض قتل کرنے والے ملزم کا اعتراف جرم

ویب ڈیسک  پير 26 جنوری 2015
پولیس کا ملزم کو گبول ٹاؤن سے گرفتار کرنے کا دعویٰ ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پولیس کا ملزم کو گبول ٹاؤن سے گرفتار کرنے کا دعویٰ ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی: چند روز قبل کراچی میں فیکٹری منیجر کو قتل کرنے والے ملزم نے گرفتاری دے دی جب کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 2000 روپے کے عوض منیجر کو قتل کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ نے فیکٹری منیجر کو قتل کرنے والے ملزم عبدالرحیم کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جب کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے فیکٹری منیجر سے 2 ہزار روپے بھتہ طلب کیا  تھا جس سے انکار پر اُس نے منیجر کو 3 گولیاں ماریں، دو گولیاں فیکٹری منیجر کے پیٹ اور ایک سر میں لگی جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔ ملزم عبدالرحیم نے انکشاف کیا کہ انور نامی شخص نے اسے بھتہ وصول کرنے کے لئے بھیجا اور بھتہ نہ دینے پر پہلی مرتبہ کسی کو گولیاں ماریں، ملزم نے کہا کہ ماں کے کہنے پرازخود گرفتاری دی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالرحیم نے بھتہ نہ دینے پر فیکٹری منیجر کو فائرنگ کرکے قتل کیا جب کہ ملزم  مختلف وارداتوں میں ملوث ہے اور ملزم کے 3 ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے گبول ٹاؤن میں کارروائی کے دوران ملزم عبدالرحیم کوگرفتارکیا جب کہ اس کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج سے کی گئی اور جلد اس کے ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو مقبول ہوئی جس میں ملزم عبدالرحیم کو فیکٹری منیجر کو قتل کرتا دیکھا جاسکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔