کے الیکٹرک سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد کراچی کو بجلی دینے کے پابند نہیں، وزیر پانی و بجلی

ویب ڈیسک  پير 26 جنوری 2015

لاہور: وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ وفاق کا کے الیکٹرک سے 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد اب کراچی کو بجلی دینے کے پابند نہیں ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک بھر میں بلا تفریق بجلی فراہم کی جارہی ہے اور جو بجلی کا بل ادا کرے گا صرف اسے ہی بجلی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کا کے الیکٹرک سے 650 میگا واٹ بجلی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد کراچی کو بجلی فراہم کرنے کے پابند نہیں، کراچی کو سستی بجلی فراہم کی جارہی ہے وہاں بجلی بحران کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک سے نئی شرائط سے معاہدہ ہوگا اور اس میں شہر کی آبادی کے تمام مفادات کو مد نظر رکھا جائے گا، کراچی کو پہلے بھی بجلی دی اب بھی دیں گے۔ گزشتہ روز بلیک آؤٹ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نصیر آباد میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کو اڑایا گیا تھا اور بجلی بحران دہشت گردی کے باعث ہوا جس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، اس طرح کے حملہ کرنے والوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلنا چاہئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن موجود ہیں، حکومت آبادیوں میں لائنوں کی حفاظت کرسکتی ہے لیکن صحراؤں میں نہیں، ہر کلو میٹر پر ٹرانسمیشن لائن کی حفاظت نہیں کی جاسکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔