کسٹمز تجارت بڑھانے کی کوششیں مربوط بنائے، وفاقی وزیر خزانہ

نمائندہ ایکسپریس  منگل 27 جنوری 2015
ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں ملک کو درپیش چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار۔ فوٹو: اے پی پی

ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں ملک کو درپیش چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار۔ فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے کہ سرحدوں کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ کیے بغیر تجارت کو فروغ دینے کیلیے پاکستان کسٹمز تمام شراکت داروں کی کوششوں کو مربوط بنائے۔

وہ پیر کو ایف بی آر کے زیر اہتمام ورلڈ کسٹمز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا موضوع ’’کوآرڈینیٹڈ بارڈر مینجمنٹ‘‘ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے حالیہ برسوں میں بہت پیش رفت کی ہے تاہم اب بھی سپلائی چین کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ کیے بغیر تجارت کی سہولت کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی و استحکام کیلیے ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنا ہوں گے، ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں ملک کو درپیش چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، ایف بی آر ملک کی معاشی ترقی و استحکام کیلیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ معاشی ترقی کیلیے معلومات کے تبادلے کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے اور بین الاقوامی تجارت کو تحفظ فراہم کرنا کسٹم حکام کی ذمے داری ہے۔

وزیر خزانہ نے رواں سال کو کسٹم بارڈر مینجمنٹ کا سال قرار دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے کہا کہ دہشت گرد اور مجرم قوانین اور نظام میں موجود خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اس لیے ان خامیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے جبکہ تقریب کے موقع پر کسٹم حکام نے 50ہزار بوتل شراب، 13 ہزار سے زائد بیئرکین، 5 من چرس اور لاکھوں سگریٹ پیکٹ تلف کیے۔اس موقع پرممبر کسٹمز نثار محمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔