عدالتی حکم پر 17غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار

اسٹاف رپورٹر  منگل 27 جنوری 2015
 بلدیہ میں ہائیڈرنٹ مسمار کرنے کے دوران پانی چوروں کے کارندوں نے مزاحمت کی جس پر رینجرز نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ فوٹو: ایکسپریس

بلدیہ میں ہائیڈرنٹ مسمار کرنے کے دوران پانی چوروں کے کارندوں نے مزاحمت کی جس پر رینجرز نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: رینجرز کی مدد سے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی 2 ٹیموں نے خیرآباد، نادرن بائی پاس، بلدیہ جمعہ گوٹھ الفلاح اور کئی علاقوں میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے17ہائیڈرنٹس مسمار کر کے 31 ناجائز کنکشن منقطع کردیے، رینجرز نے کارروائی کے دوران مزاحمت پر3افراد کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہائیڈرنٹ مافیا اور پانی چوروں کی جانب سے قائم کیے گئے کئی غیر قانونی ہائیڈرنٹس واٹر بورڈ کے عملے نے مسمار کردیے تھے لیکن حساس علاقوں میں ہونے کی وجہ سے پانی چور ہائیڈرنٹس مافیا ہائیڈرنٹ دوبارہ قائم کرلیتے تھے، سپریم کورٹ کی ہدایت پر سیشن ججز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی تھی اس اجلاس میں 2 ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں جنھیں لانڈھی کورنگی اور نادرن بائی پاس ،بلدیہ سعید آباد، منگھوپیر سے ملحقہ علاقوں میں قائم ہائیڈرنٹس کے خلاف بھرپور آپریشن کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

واٹر بورڈ کے سپرنٹنڈنگ انجینئرآصف قادری اور ایگزیکٹو انجینئر محمد ریاض کی نگرانی میں ٹیموں نے پیر کے دن مختلف علاقوں میں سندھ رینجرز کی مدد اور بھاری نفری کے ہمراہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کی ، پہلی ٹیم نے نادرن بائی پاس ، خیر آباد اور بلدیہ میں کارروائی کی جہاں بھاری مشینری کے ذریعے 12غیرقانونی ہائیڈرنٹس کی تعمیرات مسمار کردی گئیں، پانی چوری کرکے ذخیرہ کرنے کیلیے بنائے گئے کنوؤں اور سرنگوں کو ملبہ سے بند کردیا گیا اور پانی کے ناجائز31 کنکشن کاٹ دیے گئے۔

دوسری ٹیم نے لانڈھی کورنگی کے علاقے جمعہ گوٹھ ، چکرا گوٹھ اورکورنگی ساڑھے 5 نمبر میں کارروائی کرکے 5 ہائیڈرنٹس مکمل طور پر مسمار کردیے، ٹیموں نے پانی کی چوری میں استعمال کیا جانے والا تمام بھاری سامان موٹریں ،پائپ اور مشینیں ضبط کرلیں، بلدیہ میں ہائیڈرنٹ مسمار کرنے کے دوران پانی چوروں کے کارندوں نے مزاحمت کی جس پر رینجرز نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے پیر کو ہونے والے آپریشن سے ایک ملین گیلن سے زائد پانی کی چوری روک دی گئی ہے جو 800 ٹینکرز بنتی ہے اس آپریشن کے نتیجے میں ان علاقوں میں پانی کی فراہمی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔