امریکا سے معاہدوں پر پاکستان کو تشویش نہیں ہونی چاہیے، بھارتی ہائی کمشنر

ملک سعید اعوان  منگل 27 جنوری 2015
امریکی صدر اوباما کے دورہ بھارت کو پاکستان کے حوالے سے جوڑنا درست نہیں ہے، بھارتی ہائی کمشنر، فوٹو:فائل

امریکی صدر اوباما کے دورہ بھارت کو پاکستان کے حوالے سے جوڑنا درست نہیں ہے، بھارتی ہائی کمشنر، فوٹو:فائل

اسلام آباد: بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے کہاہے کہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کیلیے اعتماد سازی کی ضرورت ہے یہ پوائنٹ اسکورننگ کامعاملہ نہیں، امریکا سے مشترکہ ڈرون کی تیاری اورجوہری معاہدے پر پاکستان کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔

بھارت کے یوم جموریہ کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے کہاکہ پاکستان اوربھارت میں مذاکرات کے تعطل میں یہ بات نہیں کہ اس کا ذمے دار کون ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے کئی اہم امورپرگہرائی پر بات چیت ہوئی ہے مگر دوسری طرف دہشت گردوں کوایسالگ رہا تھاکہ کھلی چھوٹ دی گئی ہے ایسے ماحول میں مذاکرات کو کیسے آگے بڑھایا جا سکتا تھا۔ دونوں ممالک میں اعتماد کا فقدان ہے اس لیے اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی صدر اوباما کے دورہ بھارت کو پاکستان کے حوالے سے جوڑنا درست نہیں ہے۔ یہ پوائنٹ اسکورننگ کامعاملہ نہیں، امریکا سے مشترکہ ڈرون کی تیاری اورجوہری معاہدے پر پاکستان کو تشویش نہیں ہونی چاہیئے بلکہ انہیں خطے میں توانائی کے بحران کے تناظر میں دیکھنا چاہییئے۔

تقریب میں وزیر سیفران عبدالقادربلوچ ،مسلم لیگ(ن)کے سیکریٹری جنرل ظفر اقبال جھگڑا ،سینٹ میں قائدحزب اختلاف اعتزاز احسن، پیپلز پارٹی کے سینیٹرفرحت اللہ بابر،اے این پی سینیٹرحاجی عدیل سمیت اہم سیاسی،سماجی ،شوبز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔