امریکا میں تاریخ کے شدید ترین برفانی طوفان کے پیش نظر 5 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ

ویب ڈیسک  منگل 27 جنوری 2015

نیویارک: امریکا میں ملکی تاریخ کے شدید ترین برفانی طوفان کے پیش نظر نیو یارک سمیت 5 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی امریکا میں پیر کے دِن ہونے والی موسم سرما کی شدید برف باری اور طوفان کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بوسٹن سے لے کر ورجینیا تک ہلکی یا تیز برف باری ہوتی رہی۔ خراب موسم کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ جب کہ عوامی سفری سہولیات کو محدود کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیشتر اسکول، دفاتر اورکاروباری مراکز بھی بند ہیں۔

امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں پنسلوانیہ، ڈلاویر اور میری لینڈ کے علاوہ واشنگٹن اور ورجینیا میں بھی شدید برف باری ہوگی۔ نیو یارک، نیوجرسی، کنیٹی کٹ اور میساچیوسٹس میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ  لوگوں کو گھروں  سے باہر نہ نکلنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔