انجریز کی شکار پاکستانی ٹیم کے لیے متبادل پلان تیار

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 28 جنوری 2015
 گرین شرٹس کو حریف ٹیموں کے ساتھ انجریز کو بھی شکست دینے کا چیلنج درپیش ہے۔ فوٹو : فائل

گرین شرٹس کو حریف ٹیموں کے ساتھ انجریز کو بھی شکست دینے کا چیلنج درپیش ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور: انجریز کی شکار پاکستانی ٹیم کیلیے متبادل پلان تیار کرلیا گیا، ضرورت پڑنے پر شعیب ملک، اظہر علی اور سہیل تنویر میں سے کسی کو بھی بھیجا جاسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو حریف ٹیموں کے ساتھ انجریز کو بھی شکست دینے کا چیلنج درپیش ہے، جنید خان نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہونے کے بعد بحالی کیلیے کوشاں ہیں،ان کا خلا پُرکرنے والے بلاول بھٹی بھی حال ہی میں چند ماہ کے وقفے سے میدان میں اترے ہیں، طویل قدکی وجہ سے محمد عرفان کی فٹنس ہمیشہ سے مشکوک رہی ہے۔

صہیب مقصود، احسان عادل اور وہاب ریاض بھی حال ہی میں بحالی کے عمل سے گزر کر بغیر انٹرنیشنل میچ کھیلے اسکواڈ کے ہمراہ گئے،ان حالات میں پاکستان ٹیم کسی وقت بھی ہتھیاروں کی کمی کا شکار ہوسکتی ہے،ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹرمعین خان اور مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد شعیب ملک، اظہر علی اور سہیل تنویر کو تیار رہنے کیلیے کہا گیا ہے،ورلڈکپ کے دوران اگر کسی کے بھی فٹنس مسائل سامنے آئے تو ان میں سے کسی موزوں متبادل کو پاکستان سے روانہ کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گرین شرٹس کے میگا ایونٹ میں بیشتر میچز کے دوران اتنا وقفہ ہے کہ طلب شدہ کوئی بھی متبادل کھلاڑی بروقت آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ پہنچ جائے گا، پی سی بی ذرائع کے مطابق ان میں سے شعیب ملک اور اظہر علی زیادہ مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ دونوں ہی بولنگ بھی کرسکتے ہیں، ممکنہ تبدیلیوں پر متفق ٹور سلیکشن کمیٹی نے واضح کیاکہ جنید خان کو اسی صورت اسکواڈ کو جوائن کرنے کیلیے بھیجا جائے جب ڈاکٹرز انھیں 100فیصد فٹ قرار دیدیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔