ایپل نے پہلی سہ ماہی میں 18ارب ڈالرز کا منافع کما کر نیا ریکارڈ قائم کرڈالا

 بدھ 28 جنوری 2015
ریکارڈ منافع کے پیچھے بڑا ہاتھ آئی فون کی ریکارڈ سیل کا ہے جس کی سیل ایک سہ ماہی میں 7کروڑ 45 لاکھ کو بھی پار کرگئی فوٹو:فائل

ریکارڈ منافع کے پیچھے بڑا ہاتھ آئی فون کی ریکارڈ سیل کا ہے جس کی سیل ایک سہ ماہی میں 7کروڑ 45 لاکھ کو بھی پار کرگئی فوٹو:فائل

نیویارک: یورپ اور امریکا سمیت دنیا بھر میں موبائل فون اور انٹر نیٹ ٹیکنالوجی کس قدر مقبولیت حاصل کرتی جارہی  ہیں اس کا اندازہ ٹیکنالوجی کے میدان میں کام کرنے والی کمپنیوں کے مالی صورت حال سے ہوتا ہے اسی لیے تو ایپل نے نئے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 18 ارب ڈالر نفع کما کر گوگل کو پیچھے چھوڑکر ایک سہ ماہی میں نفع کمانے کا نیا ریکارد بھی قائم کردیا۔

ایپل کی جانب  سے نئے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی کی مالی صورت حال سے متعلق اعلان کے مطابق ایپل کا کل نفع 18ارب ڈالر رہا جس نے ایکسزون موبائل کے ایک سہ ماہی میں 15 ارب 90 کروڑ ڈالر نفع کمانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، ایکسزون نے یہ ریکارڈ 2012 کی دوسری سہ ماہی میں قائم کیا تھا۔ مالی جائزوں کے ادارے اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس ریکارڈ نفع  کے پیچھے بڑا ہاتھ آئی فون کی ریکارڈ سیل کا ہے جس کی سیل ایک سہ ماہی میں 7کروڑ 45 لاکھ کو بھی پار کرگئی  جو کمپنی کے اندازوں سے بھی کہیں زیادہ تھی۔

جائزے کے مطابق اگرچہ  آئی فون نے تو سیل کے ریکارڈ قائم کیئے تاہم آئی پیڈ کی فروخت میں مسلسل کمی آرہی ہے اور2014 میں آئی پیڈ کی فروخت میں 22 فیصد کمی ہوئی۔ آئی فون 6 پلس ماڈل نے لوگوں کے دلوں کو جیت لیا ہے اور ہر کوئی اسے خریدنے کی کوشش کررہا ہے جب کہ اس آئی فون کی ایک پراڈکٹ سے ایپل کو 2 سے 32 فیصد نفع حاصل ہوتا ہے جس سے ایپل کے سالانہ کیش ریزرو 142 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ آئی فون کی فروخت ناقابل یقین  اور ان کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے اور کسی کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ آئی فون کی فروخت 7 کروڑ سے بھی بڑھ جائے گی جس کی ایک وجہ  یہ ہے کہ ایپل چین میں اسمارٹ فون بیچنے والی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔