حصص مارکیٹ میں منافع کیلیے فروخت، 151 پوائنٹس گر گئے

بزنس رپورٹر  جمعرات 29 جنوری 2015
سرمایہ کاروں کو 42 ارب 53 کروڑ روپے کا نقصان، کاروباری حجم31 فیصد نیچے، 23 کروڑ 47 لاکھ حصص کے سودے۔  فوٹو: فائل

سرمایہ کاروں کو 42 ارب 53 کروڑ روپے کا نقصان، کاروباری حجم31 فیصد نیچے، 23 کروڑ 47 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج بدھ کو ایک بار پھراتارچڑھاؤ اور مندی کے زیراثررہی جس سے انڈیکس کی34500 اور34400 پوائنٹس کی 2 نفسیاتی حدیں بیک وقت گرگئیں،67.27 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے42 ارب 53 کروڑ 34 لاکھ78 ہزار913 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بعض لسٹڈکمپنیوں کی مایوس کن مالیاتی نتائج سے دلبرداشتہ ہوکر مخصوص سرمایہ کاروں نے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی جس کے بعد دیگر شعبوں میں بھی فوری منافع کے حصول پردباؤ بڑھ گیا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈزاور این بی ایف سیز کی جانب سے مجموعی طور پر 1 کروڑ3 لاکھ 81 ہزار 413 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے ایک موقع پر86.66 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے37 لاکھ 46 ہزار 900 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے59 لاکھ 81 ہزار220 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 6 لاکھ 53 ہزار293 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس151.59 پوائنٹس کی کمی سے 34386.86 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس118.36 پوائنٹس کی کمی سے 22317.36 اور کے ایم آئی30 انڈیکس326.67 پوائنٹس کی کمی سے 54146.27 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 31 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 23 کروڑ47 لاکھ 29 ہزار810 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار382 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 105 کے بھاؤ میں اضافہ، 257 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں پیکیجز لمیٹڈ کے بھاؤ 33.37 روپے بڑھ کر 728.92 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ11.73 روپے بڑھ کر 713.73 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیورفوڈز کے بھاؤ 239 روپے کم ہوکر 8411 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 45.50 روپے کم ہوکر1902 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔