وزیراعظم نے کراچی کی امن وامان کی صورتحال پراعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا

ویب ڈیسک  جمعرات 29 جنوری 2015
وزیراعظم کل کراچی کا دورہ کریں گے اور گورنر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کریں گے۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم کل کراچی کا دورہ کریں گے اور گورنر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کریں گے۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس کل گورنر ہاؤس کراچی میں طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نواز شریف کل کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ  گورنر ہاؤس میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں شہر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان، وزیراعلی سید قائم علی شاہ، رینجرز حکام، آئی جی، ڈی آئی جی اور دیگر سیکیورٹی حکام شرکت کریں گے۔ وزیراعظم سے ایم کیو ایم کا وفد بھی ملاقات کرے گا جو کراچی میں اپنے قاتلوں کے قتل پرتحفظات سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال گزشتہ کئی روز سے خراب ہے جہاں ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ  آپریشن کی آڑ میں اس کے کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے جس میں سندھ حکومت براہ راست ملوث ہے۔ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف  ایم کیوایم کی اپیل پر آج  کراچی سمیت سندھ بھی میں  شٹرڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔