آؤ پڑھاؤ مہم کے تحت کراچی اسکول آف آرٹس میں تقریب

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 31 جنوری 2015
ایکسپریس میڈیا گروپ کی مہم کواساتذہ نے سراہا، جو سیکھا ہے وہ سیکھانے کا عزم  فوٹو: فائل

ایکسپریس میڈیا گروپ کی مہم کواساتذہ نے سراہا، جو سیکھا ہے وہ سیکھانے کا عزم فوٹو: فائل

کراچی: ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت تعلیمی اداروں میں طلبہ کو سکھانے کے عمل کی جانب راغب کرنے اور تدریسی پیشے کی اہمیت سے آگاہی کے لیے جاری مہم ’’جو سیکھا ہے سب کو سکھاؤ آؤ پڑھاؤ ‘‘ کے سلسلے میں کراچی اسکول آف آرٹس میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

مہم کے تحت منعقدہ پروگرام سے کراچی اسکول آف آرٹس کے انسٹریکٹر جاوید نقوی اور آؤ پڑھاؤ مہم کے کمپین منیجرعابد شاہد نے بھی خطاب کیا، پروگرام کا آغاز معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی جانب سے آؤ پڑھاؤ مہم کے سلسلے میں پیش کیے گئے نغمے سے کیا گیا، مہم کے کیمپین منیجرعابد شاہد نے ’’ایکسپریس‘‘ گروپ کے تحت جاری آؤ پڑھاؤ مہم کاتعارف پیش کیا،ان کاکہنا تھا کہ سہولت سے محروم خستہ حال اسکول میں توسیکھناممکن ہے تاہم ایک اچھے استاد کے بغیر تعلیم کاحصول ناممکن ہے،انھوں نے کراچی کے علاوہ پاکستان کے دیگرشہروں کے تعلیمی اداروں میں منعقدہ پروگرامز کا ذکرکیا، مہم کے مقصدسے طلبا وطالبات کوآگاہ کیا۔

اس موقع پر آؤ پڑھاؤ مہم کے کمپین منیجرعابد شاہد نے کراچی اسکول آف آرٹس کے انسٹریکٹرز جاوید نقوی،عمران مشتاق، شاہد معین الدین،مسعود اختر، سعدیہ رحید، غالب باقر،روحیلہ کریم اور حیدر آغا سمیت دیگرمعلمین کو تعریفی اسناد اور شیلڈ پیش کیں، پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کراچی اسکول آف آرٹس کے انسٹریکٹر جاوید نقوی نے آؤ پڑھاؤ مہم کو انتہائی دلچسپ موضوع قرار دیتے ہوئے کہاکہ علم کی بنیادپرانسان کواشرف المخلوقات کہاگیاہے اور اس سلسلے میں قرآن کریم کی آیات اورحضوراکرم ؐ کی احادیث بھی موجود ہیں۔

انھوں نے حضرت آدم علیہ السلام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے علم کی بنیاد پر ہی فرشتوں سے حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے کوکہاتھاتاہم جب سجدے سے انکار کیا گیا تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ’’جومیں جانتاہوں وہ تم نہیں جانتے ‘‘ ان کا کہنا تھا کہ علم اوراختیارکی بنیاد پر انسان کواشرف المخلوقات کا درجہ ملاہے ،اسی اختیارکی بنیاد پر سزا اور جزا کا نظام نافذہے، جاوید نقوی نے مزیدکہا کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں اپنے تجربات کوایک دوسرے سے ’’شیئر‘‘کرتے ہیں اورتبادلہ خیال کرتے ہیں یہ ہمارافرض ہے کہ جوہم سیکھ چکے ہیں وہ دوسروں کوبھی سکھائیں،ہرانسان میں ایک استادپوشیدہ ہوتاہے کیونکہ ہرانسان کچھ نہ کچھ ضرورجانتاہے، صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ انسان جوجانتاہے اسے دوسرے انسان تک پہنچائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔