لاہور میں 3 دہشت گردوں کو47،47 بار سزائے موت کا حکم

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 31 جنوری 2015

لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج محمد قاسم نے ریسکیو ون فائیو (15) بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حملے میں ملوث 3 دہشت گردوں عابد اکرم، سرفراز اور شبیر کو47،47 بار سزائے موت اور ایک بار عمر قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے تینوں دہشت گردوں کو انفرادی طور پر 2کروڑ، 53 لاکھ،51 ہزار 500 روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی، استغاثہ کے مطابق27 مئی 2009 کو مسلح دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ہمراہ لاہور میں ریسکیو 15کی مرکزی بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیا جس میں 26 افراد جاں بحق اور 337 زخمی ہوئے تھے، تھانہ سول لائن پولیس نے مقدمہ کا اندراج کیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی اور انھیں گرفتار کیا گیا، ملزم عابد اکرم کو لاہورکے علاقے شاہدرہ جبکہ ملزمان سرفراز اور شبیرکو فیصل آباد کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔