خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے 3.44ڈالر فی بیرل اضافہ

اے ایف پی  اتوار 1 فروری 2015
گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 10 ڈالر کی کمی سے 1284 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی۔  فوٹو: فائل

گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 10 ڈالر کی کمی سے 1284 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی۔ فوٹو: فائل

لندن: اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے ملاجلا رجحان رہا جب کہ بعض کمپنیوں کی جانب سے تیل کی پیداوار کیلیے سرمایہ کاری روکنے کی وجہ سے سپلائی محدود ہونے کے خدشات پر کاروباری ہفتے کے آخری روز رجحان بدل گیا۔

گزشتہ ہفتے تیل کی قیمتوں میں شدید اتارچڑھاؤ دیکھا گیا، ایک موقع پر قیمتیں 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھیں تاہم کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، ہفتے کے اختتام پر لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی مارچ میں فراہمی کیلیے قیمت 49.55 ڈالر سے بڑھ کر 52.99 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے آئندہ ماہ فراہمی کیلیے نرخ 46.91 ڈالر سے بڑھ کر 48.24 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔

گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 10 ڈالر کی کمی سے 1284 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی جبکہ ایک ہفتے میں چاندی کے نرخ 18.23ڈالر سے گھٹ کر16.92 ڈالر فی اونس پر آگئے، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1274 ڈالر سے گھٹ کر 1221 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ پلاڈیم کی قیمت 767 ڈالر سے بڑھ کر775 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

چینی طلب میں کمی کے خدشات پر گزشتہ ہفتے صنعتی دھاتوں کی قیمتوں پر دباؤ پڑا اور لندن میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت 5559 ڈالر سے گھٹ کر 5468 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی 1835سے بڑھ کر 1863 ڈالر، لیڈ 1845 ڈالر پر برقرار، ٹین 190 ڈالرکمی سے 19250 ڈالراور قلعی کی 220 ڈالر اضافے سے 14720 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے  لندن کی فیوچر ایکس چینج میں چینی کی قیمت 24 ڈالر کمی سے 382ڈالر فی ٹن ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔