ورلڈ کپ میں وسیم اکرم کو تیاریوں کیلیے وقت کی کمی کھٹکنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 1 فروری 2015
کیویز کیخلاف مختصر سیریز اور چند وارم اپ مقابلے کافی نہیں ہوں گے،سابق قائد فوٹو: فائل

کیویز کیخلاف مختصر سیریز اور چند وارم اپ مقابلے کافی نہیں ہوں گے،سابق قائد فوٹو: فائل

لاہور: وسیم اکرم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے وقت کی کمی کھٹکنے لگی، سابق کپتان کے مطابق بھارتی ٹیم 2 ماہ میں کئی میچز کھیل کر بھی کنڈیشنز سے ہم آہنگ نہیں ہوسکی تو پاکستان کیلیے کیویز کیخلاف مختصر سیریز اور چند وارم اپ مقابلے کافی نہیں ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اچھی تیاری کا موقع نہیں مل سکے گا، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کئی بار قومی ٹیم کیساتھ دونوں ممالک کے دورے کرچکا، وہاں کی پچز اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلیے وقت درکار ہوتا ہے، بھارتی اسکواڈ 2ماہ سے آسٹریلیا میں ہے اور متعدد میچزکھیلنے کے باوجود اپنے مسائل پر قابو نہیں پاسکا، میرے لیے تشویش کی بات ہے کہ گرین شرٹس کو ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کیلیے اتنا وقت بھی نہیں مل سکے گا۔ کیویز کیخلاف صرف 2 میچز کی سیریز اور چند وارم اپ مقابلوں سے میگا ایونٹ کی تیاری ممکن نہیں، میزبان ممالک کی کنڈیشنز ہمارے ملک سے قطعی مختلف ہیں، پاکستان کو نیوزی لینڈ سے مکمل سیریز اور آسٹریلیا میں بھی چند میچز کھیلنے چاہیے تھے۔

ورلڈکپ 1992کی فتح کے ہیروز میں شامل سابق پیسر نے کہا کہ کیویز بھرپور فارم میں ہیں۔ میں پہلے ون ڈے میں ان کے جیتنے کی توقع کررہا تھا لیکن وہ اس قدر آسانی سے یکطرفہ انداز میں گرین شرٹس کو زیر کرلینگے یہ امید نہیں تھی، ویلنگٹن میں میچ سے بھی ظاہر ہواکہ پاکستانی بیٹسمین ابھی تک خود کو سیمنگ کنڈیشنز سے ہم آہنگ نہیں کرپائے، بولرز بھی اپنا بہترین کھیل پیش کرتے نظر نہیں آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔