داعش نے اپنی تحویل میں دوسرے جاپانی مغوی کو بھی قتل کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 1 فروری 2015
داعش نے گزشتہ برس دو جاپانیوں کو اغوا کیا تھا فوٹو: فائل

داعش نے گزشتہ برس دو جاپانیوں کو اغوا کیا تھا فوٹو: فائل

دبئی: عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم ‘داعش’ نے اپنی تحویل میں موجود دوسرے جاپانی مغوی کو بھی قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق داعش کی جانب سے انٹرنیٹ پر ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ایک شدت پسند کو جاپانی صحافی کینجی گوتو کا سر قلم کرتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں ایک شدت پسند جاپانی وزیرِاعظم کو مخاطب کرکے کہہ رہا ہے کہ  ان کے بے رحم فیصلے کے نتیجے میں یہ خنجر نہ صرف کینجی گوتو کے گلے پر چلے گا بلکہ جاپان کے لوگ جہاں بھی ملیں گے ان کا خون بہایا جائے گا۔

دوسری جانب دوسری جانب جاپانی حکومت کے ترجمان یوشی ہیدے سوگا کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اس ویڈیو کے سامنے آنے سے ’غم سے نڈھال‘ ہے۔ وہ اس ویڈیو کے اصل ہونے کی تصدیق کر رہے ہیں۔ جاپانی کابینہ آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ داعش نے گزشتہ برس دو جاپانیوں کو اغوا کیا تھا، جاپانی وزیرِاعظم کی جانب سے داعش سے لڑنے والے ملکوں کو 200 ملین ڈالر دینے کے اعلان کے بعد دونوں مغویوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ جس میں ایک کو گزشتہ ہفتے ہلاک کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔