پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت خطے میں سب سے کم ہے، پرویز رشید

ویب ڈیسک  اتوار 1 فروری 2015
بحرانوں اور مسائل کے باوجود اعشاریوں میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، پرویز رشید  فوٹو: اے پی پی/فائل

بحرانوں اور مسائل کے باوجود اعشاریوں میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، پرویز رشید فوٹو: اے پی پی/فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت خطے میں سب سے کم ہے جب کہ بحرانوں اور مسائل کے باوجود اعشاریوں میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں پٹرول کی قیمت دوسرےممالک کی نسبت سب سےکم ہے، بھارت میں اس وقت 103 روپے جبکہ پاکستان روپے کے تناسب سے آسٹریلیا میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 92 اور جرمنی میں 144 روپے ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹرانسپورٹ کرایوں اور روز مرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے اقدامات کریں جب کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت نے خطوط لکھ دیئے ہیں۔

اس سے قبل ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام مسئلہ کشمیر سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، اس دیرینہ مسئلے کے حل سے ہی خطے میں ناخواندگی اور غربت کا خاتمہ ہوسکتاہے۔ مقبوضہ وادی کے کشمیری اپنے حق خود ارادی کے لئے جدو جہد کررہے ہیں اور اس مقصد کے لئے پاکستان اپنے بھائیوں کی ہر ممکن اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے کشمیروں سے استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا تھا اور بھارت اس وعدے کو پورا کئے بغیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن نہیں بن سکتا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔