پٹرول کی حالیہ قیمت سی این جی کے برابر نہیں، غیاث پراچہ

بزنس رپورٹر  پير 2 فروری 2015
پٹرول لٹر اور سی این جی کلو گرام میں فروخت ہوتی ہے، موازنہ درست نہیں، 30 فیصد سستی ہے۔  فوٹو: فائل

پٹرول لٹر اور سی این جی کلو گرام میں فروخت ہوتی ہے، موازنہ درست نہیں، 30 فیصد سستی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پٹرول کی حالیہ قیمت سی این جی کے برابر نہیں ہے، سی این جی کلو جبکہ پٹرول لیٹر میں فروخت ہوتا ہے، ایک کلو سی این جی مائلج کے لحاظ سے ایک لیٹر پٹرول کے برابر ہے پٹرول اور سی این جی کی قیمت یکساں کرنے کے لیے پٹرول کا 49 روپے فی لیٹر قیمت پر فروخت ہونا ضروری ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پٹرول کے مقابلے میںسی این جی اب بھی تقریباً تیس فیصد سستی ہے۔ پٹرول اننچاس روپے فی لیٹردستیاب ہو تو فرق ختم ہو گا۔ ایک کلو سی این جی تقریباً ڈیڑھ لیٹر پٹرول کے برابر ہے۔ معاملات ہموار کرنے کیلیے دونوں ایندھن لیٹر میں فروخت کیے جائیں۔ تیل کی بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اس لیے سی این جی کے لیے قدرتی گیس کی قیمتیں بھی کم اور پنجاب میں سی این جی اسٹیشن کھولے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف اور کاروباری سرگرمیوں کو مہمیز ملے، ہمارے پاس سی این جی کی قیمتوں میں کمی کا قابل عمل فارمولا موجود ہے۔

غیاث پراچہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول اور سی این جی کی قیمت کا موازنہ درست نہیں کیونکہ پٹرول لٹر اور سی این جی کلو گرام میں فروخت ہوتی ہے اور ایک کلو سی این جی ایک لٹر پٹرول کے برابر نہیں بلکہ تقریباً ڈیڑھ لٹر پٹرول کے برابر ہے۔ اس طرح سے پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود قابل ذکر فرق برقرار ہے۔ انھوں نے کہا کہ صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے پٹرول کی طرح سی این جی بھی کلو گرام کے بجائے لٹر میں فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔

جی آئی ڈی سی کو عدالت غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ حکومت سب شعبوں سے زیادہ تین سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یوجی آئی ڈی سی وصول کرنے کے بجائے اس معاملے کو حل کرے اور سی این جی مالکان کی آپریشنل کاسٹ کو بھی ٹھیک کیا جائے۔ سی این جی چھوٹی گاڑیوں میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا ایندھن ہے اور اس صنعت میں ساڑھے چار سو ارب کی سرمایہ کاری اور لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔