رکشا، ٹیکسی اور اسکولز وین کے کرایوں میں کمی کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  پير 2 فروری 2015
ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے نفاذ کو یقینی بنائے اور پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے، شہری۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے نفاذ کو یقینی بنائے اور پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے، شہری۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد مختلف روٹس پر چلنے والی انٹرسٹی بسوں، گڈز ٹرانسپورٹ، رکشا، ٹیکسی اور اسکولز وین کے کرایوں میں 5سے 8، فیصد تک کمی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، صوبائی وزیر نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور تمام ریجنل ٹرانسپورٹ سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اس امر کو یقینی بنائیں اور اس کمی کے ثمرات ہر سطح پر عوام کو پہنچائیں، شہریوں نے کرایوں میں کمی کے اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے نفاذ کو یقینی بنائے اور پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات کو عوام تک پہنچایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ کمی کے بعد مختلف روٹس پر چلنے والی انٹرسٹی بسوں ، گڈز ٹرانسپورٹ ، ِ رکشا ، ٹیکسی اور اسکولز وین کے کرایوں میں 5سے 8، فیصد تک کمی کا اعلان کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ نے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور تمام ریجنل ٹرانسپورٹ سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اس امر کو یقینی بنائیں اور اس کمی کے ثمرات ہر سطح پر عوام کو پہنچائیں، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈیو میٹرو کیب کا کرایہ دو روپے 20پیسے فی کلومیٹر، کالی وپیلی ٹیکسی کا کرایہ80پیسہ، یلو کیب ٹیکسی 88پیسے اور رکشا کا کرایہ 72پیسے فی کلومیٹر کم کیا گیا ہے۔

نئے نرخ نامے کے تحت ریڈیو میٹرو کیب کا کرایہ 13روپے 80پیسے فی کلومیٹر، کالی پیلی ٹیکسی 9روپے 20پیسے فی کلومیٹر، یلوکیب ٹیکسی 10روپے 12پیسے فی کلومیٹر اور رکشا کا کرایہ 8روپے 28پیسے فی کلومیٹر مقرر کیا گیا ہے، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کراچی گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کی مشاورت سے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5تا 6فیصد کمی کی گئی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق انٹرسٹی ائیرکنڈیشنڈ کوچز کے کرایوں میں ایک روپیہ 25پیسے فی کلومیٹر، نان ائیر کنڈیشنڈ بسوں اور کوچز کے کرایوں میں 71پیسے فی کلومیٹر کرایوں میں کمی کی گئی۔

اسکولوں کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 6تا 8فیصد کمی کی گئی ہے، شہریوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے اعلان کو خوش آئند قراردیا ہے تاہم انھوں نے کہاکہ ماضی میں سندھ حکومت نے کئی بار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی لیکن ان کو نافذ کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، شہریوں نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے نفاذ کو یقینی بنائے اور پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔