ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آج اسپتالوں میں ہڑتال ہوگی

اسٹاف رپورٹر  پير 2 فروری 2015
اسپتالوں میں سیاہ پرچم لہرائیں گے اور شام 4 بجے شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی، ڈاکٹر ادریس ایدھی۔ فوٹو: راشد اجمیری/ایکسپریس/فائل

اسپتالوں میں سیاہ پرچم لہرائیں گے اور شام 4 بجے شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی، ڈاکٹر ادریس ایدھی۔ فوٹو: راشد اجمیری/ایکسپریس/فائل

کراچی: شہر کی ڈاکٹر تنظیمیں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، تحفظ فراہم نہ کرنے اور قاتلوں کی عدم گرفتاری پرآج سے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں اورکلینکس کی او پی ڈی احتجاجاً بند کردیں گے۔

جناح اسپتال ڈاکٹر ایسوسی ایشن، قومی ادارہ برائے امراض قلب ، قومی ادارہ صحت برائے اطفال، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزکے ڈاکٹروں سمیت ڈاکٹروں کی انجمنوں، تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے ہڑتال کی حمایت کر دی ہے، ہڑتال کی اپیل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، سندھ ڈاکٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن پرائیویٹ اسپتال اور کلینکس ایسوسی ایشن اور میڈیکل ایڈ نے کی ہے۔

پی ایم اے کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ادریس ایدھی اور پی آئی ایم اے کے سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ 2 دہائیوں سے جاری ہے اب تک 200 ڈاکٹر قتل کیے جا چکے ہیں، گزشتہ برس 17ڈاکٹر قتل کیے گئے اور رواں برس ماہ جنوری کے دوران اب تک 4 ڈاکٹر قتل کیے جا چکے ہیں، انھوں نے کہا کہ آج پیر2 فروری کوتمام ڈاکٹر کراچی کے تمام نجی و سرکاری اسپتالوں اور کلینکس کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کریں گے، بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔

اسپتالوں میں سیاہ پرچم لہرائیں گے اور شام 4 بجے شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے لیے فاتحہ خوانی کرکے ان کی یاد میں شمعیں روشن کریں گے اس حوالے سے امریکا میں موجود پاکستانی ڈاکٹر بھی اظہاریکجہتی کیلیے بازئوںپر سیاہ پٹیاں باندھیں گے، احتجاج کا دورانیہ دو دن اور پھر تین دن تک بڑھایا جائیگا اور اگر پھر بھی ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہر دوسرے روز ڈاکٹر مظاہرے کریں گے اس کے بعد پی ایم اے ہائوس پر دھرنا اور بھوک ہڑتال کیمپ قائم کیا جائے گا، احتجاج کے دوران صرف شعبہ ایمرجنسی اور اسپتال میں داخل مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔