پٹرول سستاہونے کے باوجودکم آمدن افرادپرمہنگائی کابوجھ بڑھ گیا

بزنس ڈیسک  اتوار 8 فروری 2015
افراط زرکی شرح میں ہفتہ واربنیادوں پرگزشتہ ہفتے0.13فیصد کمی مگرسالانہ بنیادوں پر0.44فیصد کااضافہ ہوا، پاکستان بیوروشماریات  فوٹو: فائل

افراط زرکی شرح میں ہفتہ واربنیادوں پرگزشتہ ہفتے0.13فیصد کمی مگرسالانہ بنیادوں پر0.44فیصد کااضافہ ہوا، پاکستان بیوروشماریات فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود گزشتہ ہفتے کم آمدن افراد پر مہنگائی کے بوجھ میں اضافہ ہوگیا تاہم مجموعی طور پر افراط زر کی شرح 0.13 فیصد کم ہوگئی۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے 0.13فیصد کمی مگر سالانہ بنیادوں پر 0.44 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 8اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں ٹماٹر 26.38 فیصد، کیلے5.77 فیصد، چائے کی پتی1.41 فیصد، تیار چائے کا کپ 0.69 فیصد، شرٹنگ0.66 فیصد، پیاز0.37 فیصد، چینی 0.35 فیصد اور زندہ مرغی برائلر0.11 فیصد مہنگی ہوگئی۔

گزشتہ ہفتے 15 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں پٹرول9.94 فیصد، مٹی کا تیل8.95 فیصد، ایل پی جی 6.83 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل6.29 فیصد، آلو4.28 فیصد، لہسن3.36 فیصد، انڈے3.17 فیصد، دال مسور0.76 فیصد، دال چنا0.64 فیصد، ویجیٹیبل گھی کھلا/تھیلی 0.45 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی0.44 فیصد، گڑ0.37 فیصد، پکانے کاتیل0.23 فیصد، سرسوں کا تیل 0.14 فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.09 فیصد کمی ہوئی۔

بیوروشماریات کے مطابق 4فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 30اشیا کی قیمتیں برقرار رہیں، اس دوران سب سے زیادہ ریلیف 35ہزار روپے ماہانہ سے زائد کمانے والوں کو 0.37 فیصد ملا جبکہ 35ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں کے لیے اشیا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 0.06 فیصد کمی ہوئی مگر 8ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی میں 0.17 فیصد، 12ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.12 فیصد اور 18ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لیے ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔