ارشد پپو قتل کیس کی اہم دستاویزات ناظر کے دفتر سے غائب

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 26 فروری 2015
عدالت نے وکیل صفائی کے اعتراض داخل کرنے پر دلائل کیلیے سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔  فوٹو: فائل

عدالت نے وکیل صفائی کے اعتراض داخل کرنے پر دلائل کیلیے سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: ارشد پپو قتل کیس میں چشم دید گواہوں اور شناخت پریڈ سے متعلق دستاویزات ناظر عدالت کے دفتر سے غائب ہوگئی ہیں۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت ارشد پپو قتل کیس نے نیا رخ اختیار کرلیا گزشتہ سماعت پر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس نے 2 چشم دید گواہوں کا ضابطہ فوجداری کے تحت بیان قلمبند کیا تھا اور ملزمان کی شناخت پریڈ بھی کرائی بیانات کی کاپی اور شناخت پریڈ کی رپورٹ سیل کرکے ناظر سٹی کورٹ کو ارسال کی تھی تاہم ناظر کے دفتر سے تمام دستاویزات غائب ہیں اس انکشاف پر فاضل عدالت نے سیشن جج جنوبی کو معاملات سے آگاہ کیا اور تحقیقاتی رپورٹ طلب کی جس پر سیشن عدالت نے آگاہ کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ آفس سے انھیں کوئی دستاویزات موصول نہیں ہوئی۔

اس موقع پر وکیل سرکار نے عدالت کو بتایا کہ دستاویزات کی نقول پولیس فائل میں موجود ہے جسے عدالت میں پیش کیا جاسکتا ہے وکیل صفائی نے اعتراض داخل کیا کہ دستاویزات کی نقول کیس کا حصہ نہیں بنائی جاسکتی، فاضل عدالت نے وکیل صفائی کے اعتراض داخل کرنے پر دلائل کیلیے سماعت12مارچ تک ملتوی کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔