حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 27 فروری 2015
وزیراعظم کی خواہش پر عوام کو خوش خبری سنا رہے ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، فوٹو: فائل

وزیراعظم کی خواہش پر عوام کو خوش خبری سنا رہے ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، فوٹو: فائل

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے اس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی تھی تاہم وزیراعظم کی خواہش پر عوام کو خوش خبری سنا رہے ہیں کہ حکومت نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ ماہ کے لیے برقرار ر ہیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 27 سے بڑھا کر تقریباً 36 فیصد کیا جارہا ہے جب کہ دیگر پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس 27 سے کم کرکے 18 فیصد تک کیا جائے گا جب کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی سے 68 ارب روپےکم محصولات ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی، معیشت اور دیگر شعبوں کی حالت بہتری کی طرف جارہی ہے، تین سال پہلے فنانشل ٹاسک فورس نے پاکستانی معیشت کو گرے قرار دیا تھا تاہم اب اس کی جانب سے ملکی معیشت کو بہتر جانتے ہوئے اسے وائٹ لسٹ قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے تک اضافے کی سفارش کی گئی تھی جسے وزیراعظم کی جانب سے مسترد کردیا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔