نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 فروری 2015
آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی فتح کو مشکل بنا دیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی فتح کو مشکل بنا دیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آکلینڈ: آئی سی سی ورلڈ کپ کے 20ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 152 رنز کا مطلوبہ ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 24ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کپتان برینڈن میک کولم کے برق رفتار 50 رنز کی بدولت ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ یہ میچ بآسانی جیت جائے گا لیکن مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ نے تمام اندازے غلط ثابت کئے اور انہوں نے ایک کے بعد ایک کیوی بلے باز کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے میک کولم کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے اور نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے کین ولیم سن تھے جو 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر کیوی بلے بازوں میں مارٹن گپٹل 11، روس ٹیلر ایک، کورے اینڈرسن 26، لوک رونکی 6 اور ڈینئل ویٹوری 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کیوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا جب کہ پیٹ کمنز نے 2 اور گلین میکس ویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ٹرینٹ بولٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں ٹیم آسٹریلوی ٹیم 33 ویں اوور میں 151 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا لیکن پہلی وکٹ تیسرے اوور میں 30 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب ایرون فنچ ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور 80 تک پہچا دیا، 13 اوور میں شین واٹنس 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ اگلی ہی گیند پر ڈیوڈ وارنر بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے جب کہ مائیکل کلارک بھی 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اسٹیون اسمتھ اور گلین میکسویل بھی کیوی بولز کے سامنے نہ ٹک سکے۔ مچل مارش، مچل جانس اور مچل اسٹارک کو ٹرینٹ بولٹ نے ٹھکانے لگایایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے بریڈ ہیدن 43 رنز بنا کر سب سے نمایاں کھلاڑی ہے جب کہ وارنر نے 34 اور واٹسن نے 23 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 10 اوورز میں 27 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ ڈینئیل ویٹوری نے 41 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 2 وکٹیں ٹم ساؤتھی جب کہ ایک وکٹ کورے اینڈرسن کے حصے میں آئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔