پاکستان اور زمبابوے کے میچ کے دوران موسم بے ایمان ہونے کو تیار نہیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 فروری 2015
گابا کی وکٹ بولرز کے لیے ساز گار ہو گی تاہم تیز بلے بازی کرنے والے بیٹسمین اس وکٹ پر رنز بنا سکتے ہیں،ماہرین، فوٹو:فائل

گابا کی وکٹ بولرز کے لیے ساز گار ہو گی تاہم تیز بلے بازی کرنے والے بیٹسمین اس وکٹ پر رنز بنا سکتے ہیں،ماہرین، فوٹو:فائل

برسبین: یوں تو زمبابوے کے خلاف میچ ایک پول میچ ہی ہے لیکن پاکستان کے لیے اسے کوارٹر فائنل سے پہلے کوارٹر فائنل قرار دیا جا رہا ہے اس لیے کہ اگر پاکستانی ٹیم یہ میچ ہار گئی تو اس کی کوارٹر فائنل میں رسائی ناممکن ہوجائے گی اور فتح کی صورت میں ایک طرف تو ورلڈ کپ کی اگلی منزل تک جانے کا سفر پھر سے شروع ہوسکتا ہے اور دوسری جانب مایوس اور شکست خوردہ کھلاڑیوں کےدلوں میں امید اور کامیابی کی ہلکی سی شمع روشن ہوسکتی ہے۔

زمبابوے کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ انتہائی شاندار رہا ہے آیئے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 47 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جس میں پاکستان نے 42 میں کامیابی حاصل کی اور زمبابوے کے حصے میں صرف 3 فتوحات ہی آسکی ہیں جب کہ ایک میچ بے نتیجہ اور ایک بارش کی وجہ سے نامکمل رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار سامنا زمبابوے کی سرزمین ہرارے پر ہوا جس میں پاکستان نے 108 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

ورلڈ کپ مقابلے: عالمی مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 1992، 1999 اور 2011 میں مد مقابل ہوئیں جس میں پاکستان نے زمبابوے کو باآسانی قابو کرلیا اور 2003 میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد یہ کہا جاسکتا ہےکہ پاکستسان ورلڈکپ مقابلوں میں زمبابوے کے سامنے ناقابل شکست رہا ہے۔

ورلڈ کپ 2015 کا میچ: پاکستان کو ورلڈ کپ میں واپس آنے کے لیے برسبین گابا کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے فائنل الیون میں شامل ہونے والے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام کچھ یوں ہیں۔

پاکستان: احمد شہزاد، سرفرازاحمد، حارث سہیل، مصباح الحق، صہیب مقصود، عمر اکمل، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، یاسر شاہ، سہیل خان اور محمد عرفان۔

زمبابوے: اسکندر رضا، چیموچیمبا، ہیملٹن ماسکادزا، برینڈن ٹیلر، سین ویلمیز، کریگ ایرون، اسٹیورٹ، ایلٹن چیگم بورا، ٹیناشے پیانگارا، ٹینڈئی چتارا اور کمونگوزئی۔

امپائر اور ریفری: پاکستان اور زمبابوے کے میچ میں فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل بروف اور ویسٹ انڈیز کے جوئیل ولسن انجام دیں گے جب کہ پاؤل ریفل ٹی امپائر اور جیف کرو میچ ریفری ہوں گے۔

پچ اور موسم: ماہرین کا کہنا ہے کہ گابا کی وکٹ بولرز کے لیے ساز گار ہو گی تاہم تیز بلے بازی کرنے والے بیٹسمین اس وکٹ پر رنز بنا سکتے ہیں جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے دوران سورج چمکتا رہے گا اور اس دوران درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔