بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور سوائن فلو کے باعث اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 فروری 2015

احمد آباد: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کو سوائن فلو میں مبتلا ہونے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور گجرات کے شہر راج کوٹ میں اپنی نئی فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران انہیں معمولی بخار کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے میڈیکل ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹروں نے سوائن فلو کی تصدیق کردی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا جب کہ کچھ عرصہ قبل اسی فلم کی شوٹنگ کے  دوران  سونم کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں  میڈیکل ٹیسٹ کے بعد ان میں شوگر کے مرض کی تصدیق ہوئی تھی۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اداکارہ کا علاج جاری ہے جب کہ سوائن فلو کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں مکمل صحتیاب  ہونے تک مزید کام کرنے سے روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست گجرات میں سوائن فلو وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث راج کوٹ  میں بڑی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور گذشتہ 2 ماہ کے دوران صرف راج کوٹ میں سوائن فلو کے 58 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ اس کے باعث 6 افراد ہلاک  بھی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔