مصر میں صوبائی گورنر کی شکی اہلیہ شوہر کو سرکاری اجلاسوں میں بھی تنہا چھوڑنے پر تیار نہیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 فروری 2015
گورنر المسیری کی بیوی کا یوں ہر اجلاس میں آدھمکنا سرکاری اہلکاروں کو سخت پریشان کرتا ہے، فوٹو: العربیہ

گورنر المسیری کی بیوی کا یوں ہر اجلاس میں آدھمکنا سرکاری اہلکاروں کو سخت پریشان کرتا ہے، فوٹو: العربیہ

اسکندریہ: عام طور پر بیویاں کم ہی اپنے شوہروں پر اعتبار کرتی ہیں اور کسی نہ کسی بہانے سے ان کی کھوج میں لگی رہتی ہیں اور اب تو موبائل فون آجانے کے بعد ان کے پیغامات کا دوربین کی نگاہوں سےجائزہ لیتی ہیں جب کہ اگر کوئی شوہر سرکاری عہدے پر ہوتو بیگمات ہر تقریب پر نظر رکھتی ہیں لیکن مصر میں تو ایک گورنر کی اہلیہ نے جاسوسی اور حسد کی حد ہی کردی جو اپنے شوہر کو نہ صرف کسی تقریب میں اکیلے چھوڑتی ہے بلکہ ہر جگہ ساتھ رہتی ہے۔

اسے خاتون کی بے پناہ محبت کا نام دیں یا پھر شک بہرحال وہ اپنے شوہر اسکندریہ کے گورنر ڈاکٹر ہانی المسیری کے ہمراہ ہر سرکاری اجلاس میں وزرا اور دیگر سرکاری افسران کے ساتھ شریک ہوتی ہیں یہ اگرچہ ان کی شرکت نہ صرف گورنر کو بلکہ اجلاسوں میں شریک دیگر سرکاری افسران کو بہت کھلتی ہے لیکن مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق وہ بے چارے خون کے آنسو پی کر رہ جاتے ہیں کیونکہ وہ کوئی عام خاتون نہیں گورنر کی اہلیہ ہیں۔

اس سے بھی  دلچسپ صورت حال اس وقت سامنے آئی جب گورنر المسیری کو خاتون وزیر ڈاکٹر لیلیٰ زبیری سے ملاقات کرنا تھی وہ ان سے اکیلے میں ملنا چاہتے تھے لیکن بیوی کے سامنے ان کی ایک نہ چلی اور وہ بھی اس میٹنگ میں نہ صرف شریک ہوئیں بلکہ اس دوران اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ان سے گفتگو بھی کی۔

گورنر المسیری کی بیوی کا یوں ہر اجلاس میں آدھمکنا سرکاری اہلکاروں کو سخت پریشان کرتا ہے اور نائب گورنر سعاد الخولی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ان کا یوں اجلاسوں میں آنا سرکاری امور کو متاثر کر رہا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر بھی گورنر کی اہلیہ کی اس حرکت پر تعجب کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن گورنر کی اہلیہ کے سامنے بولے کون یعنی بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔