مصرکی عدالت نے حماس کو دہشت گرد گروپ قرار دے دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 فروری 2015

قاہرہ: مصرکی عدالت نے فلسطین کی مزاحمتی جماعت حماس کو دہشت گرد گروپ قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حالیہ مقدمے میں 2 مختلف درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ حماس ایک عسکریت پسند تنظیم ہے جو غزہ سے منسلک مصر کے صحرائی علاقے سینا میں دہشت گرد حملوں میں ملوث ہے اس لئے اس پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے جس کے بعد عدالت نے اسے دہشت گرد گروپ قرار دیا جبکہ اس قبل ایک مصری عدالت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ  کو بھی دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ  مصری عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ مصری صدرعبد الفتح السیسی کی جانب سے اسلام پسند جماعتوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

فلسطینی حکومت کے عہدے دار مصطفیٰ برغوتی نے عدالتی فیصلے پر ردعمل کے اظہار میں اسے نامناسب فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس  فلسطینی قومی مزاحمتی تحریک کا حصہ ہے اور عدالتی فیصلے سے خطے میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔