بہترین مالی نظم وضبط، پختونخوا کو وفاق سے ڈھائی ارب بونس مل گیا

شاہد حمید  پير 2 مارچ 2015
صوبائی حکومت کی جانب سے بونس کومالی منیجرز کی کامیابی قرار دیا گیاہے۔فوٹو: فائل

صوبائی حکومت کی جانب سے بونس کومالی منیجرز کی کامیابی قرار دیا گیاہے۔فوٹو: فائل

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ مالی سال کی طرح جاری مالی سال کی بھی پہلی دوسہ ماہیوں میں بہترین مالی نظم وضبط کا مظاہرہ کرنے پر مرکزی حکومت سے ڈھائی ارب روپے کا بونس حاصل کرلیا جسے صوبائی حکومت کی جانب سے مالی منیجرز کی کامیابی قرار دیا گیاہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کوگزشتہ مالی سال کی پہلی دوسہ ماہیوں کے دوران بھی بہترین مالی نظم وضبط کا مظاہرہ کرنے اوراپنے اخراجات کو آمدن سے کم رکھنے پر ڈھائی ارب روپے کا بونس دیا گیا تھا، صوبائی حکومت نے اپنی روایت برقرار رکھی، جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی جولائی تاستمبر میں صوبہ کی آمدنی 63 ارب 55 کروڑ روپے جبکہ اخراجات 59 ارب 92 کروڑ روپے کے رہے جو 3.62 ارب سرپلس تھے جبکہ ششماہی کے اختتام پرصوبہ کی آمدنی 141 ارب 37 کروڑ روپے جبکہ اخراجات 125 ارب 48 کروڑ روپے کے رہے جسکے مطابق صوبائی حکومت آمدن میں 15 ارب 89 کروڑروپے سرپلس ہے،۔

مرکزی حکومت نے صوبہ کی کارکردگی کی بنیاد پر ڈھائی ارب روپے کے بونس کااعلان کرتے ہوئے رقم جاری کردی ہے، وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اسکا کریڈٹ اگر صوبائی حکومت کو جاتا ہے توساتھ ہی مالی منیجرز کو بھی ملنا چاہیے کیونکہ انکی ہی وجہ سے یہ بونس صوبائی حکومت کو ملا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔