مذاکرات میں دونوں ممالک نے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ

ویب ڈیسک  منگل 3 مارچ 2015
بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر 2 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے ہیں فوٹو: اے ایف پی

بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر 2 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے ہیں فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: بھارت کے سیکریٹری خارجہ جے شنکر نے کہا ہے کہ  مذاکرات کے دوران انہوں نے پاکستانی ہم منصب کو ممبئی حملہ کیس اور سرحدی خلاف ورزیوں سے متعلق موقف سے آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں بھارتی سیکریٹری خارجہ جے شنکر دفترخارجہ پہنے تو سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔ جس کے بعد دونوں کے درمیان ملاقات کا باقاعدہ آغاز ہوا، پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات کے دوران پاکستانی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان بھارت سے جامع مذاکرات بحال کرنے کا خواہش مند ہے، اس سلسلے میں جامع مذاکراتی عمل بھارت  کی جانب سے معطل کیا گیا تھا جسے بحال کرنا بھی اسی کی ذمہ داری تھی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے، اس موقع پر پاک بھارت سرحد پر کشیدگی ختم کرنے پر زور دیا گیا، پاکستان سارک کا آئندہ چیرمین ہوگا، مذاکرات کے دوران دونوں ملکوں نے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ممبئی حملہ کیس اور سرحد پار خلاف ورزیوں سے متعلق موقف سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سیکریٹری خارجہ آج شام وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ پریس کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی کشمیری حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات کو جواز بنا کر پاکستان سے سیکریٹری خارجہ سطح پر مذاکرات معطل کردیئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔