مسلح افواج بھارت کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، وزیر دفاع

ویب ڈیسک  پير 2 مارچ 2015
بھارت اپنی مشرقی سرحد پر پاکستان کو جنگ میں مصروف رکھنا چاہتا ہے، خواجہ آصف، فوٹو: فائل

بھارت اپنی مشرقی سرحد پر پاکستان کو جنگ میں مصروف رکھنا چاہتا ہے، خواجہ آصف، فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت سرحدوں پر امن کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے جب کہ ہماری مسلح افواج اس کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی مخلصانہ کوششیں کررہا ہے اور بھارت کو بھی چاہئے کہ وہ سرحدوں پر امن برقرار رکھنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے جب کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان نے اس کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی مشرقی سرحد پر پاکستان کو جنگ میں مصروف رکھنا چاہتا ہے جب کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور اپنی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور پوری قوم مستقبل بنیادوں پر امن کے لیے اس کی حمایت کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔