ایکسپو میں 1.3 ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے، خرم دستگیر

اے پی پی  منگل 3 مارچ 2015
 ملک کا بین الاقوامی تاثر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر تجارت۔ فوٹو: فائل

ملک کا بین الاقوامی تاثر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر تجارت۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایکسپو 2015میں 1.3ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے جس کی بدولت ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔

پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے ایکسپو پاکستان کا افتتاح کرکے برآمدات بڑھانے کے لیے حکومتی سنجیدگی کا عملی مظاہرہ کیا،ایکسپو 2015 پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش تھی جس میں 72 ممالک کے 1200 مندوبین نے شرکت کی اور پاکستانی مصنوعات کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسپو 2015 میں وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے خواتین کی مصنوعات کو نمایاں کیا جبکہ آئندہ نمائشوں میں ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی مصنوعات کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ ان علاقوں کی مصنوعات کی برآمدات کی ترویج ہوسکے اور ملکی ترقی کے ثمرات کی مساویانہ تقسیم ہو۔ انھوں نے کہا کہ ایکسپو میں بین الاقوامی مندوبین کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ملک کا بین الاقوامی تاثر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر پاکستانی صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کو سہولتیں پہنچارہی ہے جس کی بدولت پاکستانی مصنوعات میں بین الاقوامی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ منعقد ہونے والی ہر ایکسپو 2015 کی ایکسپو سے بڑی، منظم اور بہتر معاشی ثمرات کی حامل ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔