سری لنکا سے ملنے والی شکست زیادہ بری ہے، سابق انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن

اسپورٹس ڈیسک  منگل 3 مارچ 2015
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے جوئے روٹ کو انگلش کرکٹ کا مستقبل قرار دے دیا۔ فوٹو: فائل

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے جوئے روٹ کو انگلش کرکٹ کا مستقبل قرار دے دیا۔ فوٹو: فائل

لندن: سابق انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن نے اپنی ٹیم کی سری لنکا کے ہاتھوں 9 وکٹ سے شکست کو کیویز سے ملنے والی ناکامی سے زیادہ تباہ کن قرار دے دیا۔

ورلڈ کپ میں دوسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے انگلش ٹیم کو 123 رنز تک محدود کردیا تھا، جس میں ٹم ساؤتھی نے 33رنز کے عوض7 وکٹیں لی تھیں، کیویز نے کپتان برینڈن میک کولم کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت ہدف محض13ویں اوورز میں حاصل کرلیا تھا، تاہم سری لنکا کیخلاف انگلش ٹیم 309رنز بناکر بھی 9 وکٹ سے مات کھاگئی تھی، مقامی اخبار کیلیے رقم کردہ کالم میں ایتھرٹن نے کہا کہ آئی لینڈرز سے ملنے والی شکست زیادہ بری تھی، انگلش ٹیم نے اب تک کھیلے گئے اپنے چار میچز میں واحد کامیابی ایسوسی ایٹ ٹیم اسکاٹ لینڈ کیخلاف حاصل کی ہے۔

مائیک ایتھرٹن نے انگلش پیسر جیمز اینڈرسن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے دیگر بولرز کے برعکس سفید کوکا بوراز گیندوں سے سوئنگ کرنے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ اسی طرح اسٹورٹ براڈ بھی کوئی متاثر کن پرفارمنس پیش نہیں کرسکے ہیں، یہ دونوں بولرز اب تک مجموعی طور پر 60 اوورز بولنگ کرنے باوجود محض4 وکٹیں اپنے نام کرپائے ہیں۔

دوسری جانب سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے جوئے روٹ کو انگلش کرکٹ کا مستقبل قرار دے دیا، انھوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ دنوں سری لنکا کیخلاف روٹ کی سنچری اننگز دیکھنے پر کیا، انگلش ٹیم اس مقابلے میں300 پلس اسکور کرکے بھی ہارگئی تھی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مائیکل وان نے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انگلش ٹیم کی پے درپے ناکامیوں میں منفی باتیں ہی ہیں لیکن اس میں جوئے روٹ کی سنچری اننگز قابل تعریف ہے اور میں انھیں انگلش کرکٹ کے مستقبل کے طور پر دیکھ رہا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔