ورلڈ کپ میں بھارت کو من پسند وکٹیں دی گئیں، سرفراز نواز کا دعویٰ

اسپورٹس ڈیسک  منگل 3 مارچ 2015
دال میں کچھ کالا نظر آرہا ہے، آئی سی سی نے بھارت کے میچز کیلیے ایسی پچز تیار کرائیں جوکہ اس کی مضبوط بیٹنگ کے لیے موزوں ہیں، سرفراز نواز۔ فوٹو: فائل

دال میں کچھ کالا نظر آرہا ہے، آئی سی سی نے بھارت کے میچز کیلیے ایسی پچز تیار کرائیں جوکہ اس کی مضبوط بیٹنگ کے لیے موزوں ہیں، سرفراز نواز۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو من پسند وکٹیں فراہم کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کئی ماہ سے آسٹریلیا میں موجود اور ورلڈ کپ سے قبل اس نے ایک میچ بھی نہیں جیتا تھا مگر پھر اچانک میگا ایونٹ میں اس نے دھڑا دھڑ کامیابیاں حاصل کرنا شروع کردیں۔ اس دوران اس نے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی افریقہ جیسی ٹیم کو بھی پچھاڑ دیا۔ سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کودال میں کچھ کالا نظر آرہا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ آئی سی سی نے بھارت کے میچز کیلیے ایسی پچز تیار کرائیں جوکہ اس کی مضبوط بیٹنگ کے لیے موزوں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب تک کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میچز کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات صاف محسوس کی جاسکتی ہے کہ وہ ان پچز پر کھیلا جوکہ اس کی مضبوطی کے لیے سازگار رہیں۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بھارت کے برعکس پاکستان کے میچز میں ایسی وکٹیں تیار کی جارہی ہیں جوکہ ان کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہیں، زمبابوے سے میچ کو ہی دیکھ لیں وہ ’ڈبل پیس‘ وکٹ تھی، جس میں بہت زیادہ باؤنس تھا جوکہ ہماری مضبوطی کے برعکس تھا، میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو آئی سی سی کے سامنے اٹھائے اور جو کچھ ہورہا ہے اس کا سدباب کرے۔ سرفراز نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں یا تو پچز مکمل طور پر بیٹسمینوں کے لیے موزوں ہیں یا پھر ان سے صرف بولرز کو ہی معاونت حاصل ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔