جنوبی افریقا نے آئرلینڈ کو 201 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  منگل 3 مارچ 2015
نوبی افریقا کے بولروں کے آگے کوئی آئرش بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پایا۔  فوٹو: اے ایف پی

نوبی افریقا کے بولروں کے آگے کوئی آئرش بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پایا۔ فوٹو: اے ایف پی

کینبرا: کینبرا: آئی سی سی ورلڈ کپ کے 24ویں گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے آئرلینڈ کو  201 رنز سے ہرا دیا۔

کینبرا کے منوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بنا کر اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا، ہاشم آملہ اور فاف ڈوپلیسی نے 247 رنز کی بڑی شراکت قائم کرکے آئرش بولروں کی سٹی گم کردی اور گراؤنڈ کی چاروں جانب چوکوں اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے بالترتیب 128 گیندوں میں 159 اور 109 گیندوں میں 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک ایک اور کپتان اے بی ڈیویلئرز 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ریلے روسوو 61 اور ڈیوڈ ملر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی مکبرائن نے 2 جب کہ جان مونی اور کیون اوبرائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کے 412 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 45 اوورز میں 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقا کے بولروں کے آگے کوئی آئرش بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پایا اور اینڈی بیلبرنی 58 اور کیون اوبرائن 48 بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ اس کے 2 اہم بلے باز ایڈ جوئس اور گیری ولسن صفر پر پویلین لوٹے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ولیم پورٹرفیلڈ 12، پال اسٹرلنگ 9، نیل اوبرائن 14، جان مونی 8، جارج ڈوکریل 25 اور میکس سورینسن 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کے کائل ایبٹ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں اپنے نام کیں، مورنے مورکل 3، ڈیل اسٹین 2 اور اے بی ڈویلئرز کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ بہترین بلے بازی پر ہاشم آملہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔