چیف سلیکٹر معین خان نے ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی، چیئرمین پی سی بی

ویب ڈیسک  منگل 3 مارچ 2015
ہالینڈ، آئرلینڈ اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آئیں گے اور امید ہے بڑی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی،شہریارخان۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

ہالینڈ، آئرلینڈ اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آئیں گے اور امید ہے بڑی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی،شہریارخان۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

لاہور: چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ معین خان سے ملاقات میں جوا خانے جانے پر طویل بات ہوئی جس کے بعد فیصلہ کیا کہ انہوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی لہذا معاملہ اب ختم ہوگیا۔

پی سی بی کے ہیڈکوارٹر میں قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے شہریار خان سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ معین خان سے 40 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران کسینو جانے کے معاملے پر ہی بات ہوئی اور ان سے وضاحت طلب کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اہلیہ کے ساتھ جوا خانے میں صرف کھانا کھانے گیا تھا تاہم کوئی جوا نہیں کھیلا اور غلطی کا احساس ہونے پر قوم سے معافی بھی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے اکثرہوٹلوں میں جوا خانے ہوتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ معین خان نے ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی اس لئے معاملہ اب ختم ہوچکا ہے اسے مزید نہیں اچھالنا چاہیئے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ معین خان اپنے عہدے پر برقرار ہیں اور اس حوالے سے ورلڈ کپ کے بعد دیکھیں گے لیکن وہ آسٹریلیا نہیں جارہے۔ غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کے حوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ، آئرلینڈ اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آئیں گے اور امید ہے کہ چھوٹی ٹیموں کے آنے کے بعد بڑی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی جب کہ پاکستان سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلادیش جاکر سیریز نہیں کھیل سکتا اور متحدہ عرب امارات میں رواں سال دسمبر میں پاک بھارت میچز سے متعلق ایم او یوز پر دستخط بھی ہوگئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔