سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی تو خیبرپختونخوا اسمبلی توڑ سکتے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2015

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے آئین میں ترمیم کا ڈرامہ رچایا درحقیقت ملک میں پیسوں کی سیاست لانے والے نواز شریف ہیں اور وہ اب بھی یہی کچھ کررہے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گزشتہ 30 برس سے سینیٹ میں جس طرح انتخابات ہورہے ہیں یہ کسی صورت جمہوریت نہیں، ناجانے چیف الیکشن کمشنر خرید و فروخت کے معاملات کا نوٹس کیوں نہیں لیتے۔ جے یوآئی (ف)اسلام کے نام پرسیاست کرتی ہے، ملک میں پیسوں کی سیاست لانے والے نواز شریف ہیں اور وہ اب بھی یہی کچھ کررہے ہیں۔ ہماری اور نواز شریف کی سیاست میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے آئین میں ترمیم کا ڈرامہ رچایا، تحریک انصاف نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے لئے قومی اسمبلی میں جانے کا فیصلہ کرلیا تھا لیکن نواز شریف خود سعودی عرب چلے گئے اور کہا گیا کہ آئینی ترمیم پر ان کے اتحادی متفق نہیں، اگر مسلم لیگ (ن) کی نیت ٹھیک ہوتی تو وہ ترمیم کے لئے رائے شماری ضرور کراتی۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جس نے دھاندلی کے خلاف آوازاٹھائی۔ سینیٹ انتخابات کے لئے ان کی جماعت کی تیاری مکمل ہے، ہم نے میرٹ پر لوگوں کوٹکٹ دیئے ہیں اور ارکان اسمبلی کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اپنا دوسرا ووٹ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور قومی وطن پارٹی کے امیدواروں کو دینے کے بجائے تحریک انصاف کے اتحادیوں کو دیں۔ اگر ہمیں پتہ چلا کہ تحریک انصاف کے کسی رکن نے پارٹی کے امیدوار کے بجائے کسی دوسرے کو ووٹ دیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سینیٹ کے انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کو بھی تیار ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ وہ رواں برس ہی ملک میں نئے انتخابات ہوتے دیکھ رہے ہیں، اسی لئے سینیٹ کے انتخابات میں ان ہی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جو ان کی حکومت میں وزیر ہوں گے تاکہ وہ نظام حکومت کو اچھی طرح سمجھ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔