تنقید کرنے والے اس بات کو بھی مد نظر رکھیں کہ ٹیم میں اجمل اور حفیظ موجود نہیں، وقار یونس

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2015
قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں کسی بڑی ٹیم کے خلاف فتح کی ضرورت ہے، وقار یونس، فوٹو: فائل

قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں کسی بڑی ٹیم کے خلاف فتح کی ضرورت ہے، وقار یونس، فوٹو: فائل

نیپیئر: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہےکہ میگاایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی کو بہتر نہیں کہا جارہا ہے لیکن تنقید کرنے والے اس بات کو بھی مد نظر رکھیں کہ اس وقت ٹیم کے دو اہم کھلاڑی سعید اجمل اور محمد حفیظ موجود نہیں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف ہمیں کم از کم 150 رنز کے مارجن سے جیتنا تھا کیونکہ ہم اپنا رن ریٹ بہتر بنانا چاہتے تھے لیکن محمد عرفان کی انجری کے باعث ایسا نہ ہوسکا اور یو اے ای کے بلے بازوں نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  محمد عرفان کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں، امید ہے وہ آئندہ دو روز میں ٹھیک ہوجائیں گے اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ میگاایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی کو بہتر نہیں کہا جارہا ہے لیکن تنقید کرنے والے اس بات کو بھی مد نظر رکھیں کہ اس وقت ٹیم کے دو اہم کھلاڑی سعید اجمل اور محمد حفیظ موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ٹورنامنٹ کے مقابلے مزید سخت ہوں گے جس کے لیے ہمیں تیار رہنا چاہئے،زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف جیت نے کھلاڑیوں کو اعتماد دیا لیکن کھلاڑیوں کے نزدیک میگا ایونٹ میں کسی بڑی ٹیم کے خلاف ہمیں فتح کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم نے ماضی میں کئی مرتبہ جنوبی افریقا کو شکست دی اور اب بھی دے سکتے ہیں جب کہ اس کے خلاف فتح ہمارے لیے صرف ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے اہم نہیں بلکہ اس سے ٹیم کے اعتماد کو بھی تقویت ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔