لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر بلوچ کی حوالگی کا معاملہ لٹک گیا

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2015
ملزم کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس اور رینجرزافسران کے ویزوں کی میعاد بھی ختم ہونے والی ہے،
فوٹو: فائل

ملزم کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس اور رینجرزافسران کے ویزوں کی میعاد بھی ختم ہونے والی ہے، فوٹو: فائل

 کراچی: لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کے دبئی میں کیس کی سماعت کے سبب ملزم کی پاکستان حوالگی کا معاملہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر بلوچ کی پاکستان کو حوالگی کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لئے جانے والے پولیس اور رینجرزکے افسران کے ویزوں کی میعاد بھی ختم ہونے والی ہے۔ عزیر بلوچ کی حوالگی کے لیے جانے والی پولیس ٹیم میں شامل ڈی ایس پی زاہد حسین کل وطن واپس لوٹیں گے جب کہ دیگر افسران میں ایس ایس پی نوید خواجہ اور رینجرز کے میجر عدیل کے ویزوں کی معیاد ختم ہونے میں بھی دو روز باقی ہیں۔

دوسری جانب دبئی کی عدالت میں عزیر بلوچ کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت کل ہوگی، عدالت کی جانب سے ملزم کی پاکستان حوالگی پر کئی اعتراضات لگائے گئے ہیں جب کہ عزیر بلوچ کے وکیل کی جانب سے ان کی دبئی میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔