سندھ کے وزرا کی زبان کیا پھسلی’’ اپنی ہی حکومت کے راز کھول ڈالے‘‘

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2015

کراچی: کہتے ہیں پہلے تولو پھر بولو لیکن سندھ کے دو صوبائی وزرا نے اس بات پر عمل نہ کیا اور اسمبلی میں دوران تقریر ان کی زبان کیا پھسلی اس سے تو حکومت کے راز ہی کھل گئے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت جاری تھا تو اس دوران اظہار خیال کے لیے خواب دیکھنے والے وزیر کے نام سے مشہورمنظور وسان کھڑے ہوئے اور جب انہوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کو سراہنا شروع کیا تو موصوف کی زبان پھسل گئی اور انہوں نے کرپشن کے خاتمے کی بجائے کچھ الٹا بول ڈالا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ سندھ حکومت جتنا ہوسکے کرپشن کرتی ہے، منظور وسان کی زبان سے ان جملوں کی ادائیگی کے بعد اسمبلی ہال قہقہوں سے گونج اٹھا جس پر صوبائی وزیر خود بھی حیران ہوئے اور ہنستے رہے تاہم انہوں نے اپنی اس غلطی پر ایوان سے معذرت کی اور وضاحت بھی دی۔

زبان کے پھسلنے کا قصہ صرف یہیں پر ختم نہ ہوا اسی اجلاس کےدوران سندھ کے ایک اور اہم وزیر شرجیل میمن بھی جوش خطابت میں کچھ زیادہ ہی آگے بڑھ گئے اور اپنی جذباتی تقریر میں بے ساختہ کہہ اٹھے کہ ’’انتخابات میں دھاندلی پیپلزپارٹی کرتی ہے ‘‘ شرجیل میمن کی اس بات کے بعد ایوان میں پھر ماحول کچھ تبدیل سا ہوا لیکن صوبائی وزیر فوراً اپنی بات کو درست کرگئے تاہم سندھ اسمبلی میں سب کچھ دیکھ کر یوں محسوس ہوا کہ آج زبان کے پھسلنے کا عالمی دن منایا جارہا ہو.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔