یواے ای کیخلاف جیت سے پلیئرز کا اعتماد بڑھے گا، راشد لطیف

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 5 مارچ 2015
یو اے ای کیخلاف میچ میں ہرکھلاڑی نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، راشد لطیف۔ فوٹو: فائل

یو اے ای کیخلاف میچ میں ہرکھلاڑی نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، راشد لطیف۔ فوٹو: فائل

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گی۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ ابتدائی2 شکستوں کے بعد قومی ٹیم کا مورال متاثر ہوا تھا لیکن اس جیت سے کھلاڑیوں میں نیا حوصلہ اور عزم آئیگا، انھوں نے کہاکہ میچ میں ہرکھلاڑی نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، احمد شہزاد نے متوقع طورپر عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان مصباح الحق نے49 گیندوں پر65 رنزجوڑکرناقدین کو خاموش کردیا، نچلے نمبر پر آنے والے شاہد آفریدی بھی فارم میں نظر آئے، البتہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو موقع فراہم نہ کرنا سمجھ سے بالا ترہے، وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرسکتا ہے۔

ایک سوال پر راشد لطیف نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے نے متحدہ عرب امارات کو شکست کی جانب دھکیلا، ہمارے بیٹسمینوں نے وکٹ کا بھر پور فائدہ اٹھایا اور بعدازاں بولرز نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی، انھوں نے کہا کہ ایک کمزار ٹیم مقررہ 50 اوورز تک وکٹ پر جمی رہی یہ لمحہ فکریہ ہے، بہر حال اس جیت کے سبب ہمیں مزید 2 پوائنٹس مل گئے، راشد لطیف نے کہا کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کے لیے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کا فٹ رہنا انتہائی ضروری ہوگا، ورنہ مشکلات میں گھری ٹیم کے لیے مزید مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ پاکستان کو اسی اسپرٹ کے ساتھ فتح کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرنا ہوگی، جنوبی افریقہ کے خلاف ہفتے کو اہم ترین میچ میں کسی بھی دباؤ سے بالاتر ہوکر میدان میں اترنا چاہیے، ٹیم کی کوارٹر فائنل میں رسائی کا انحصار گروپ بی میں ہفتے کو آئر لینڈ اور زمبابوے کے درمیان میچ کے نتیجے پر ہے، زمبابوے کی فتح کی صورت میں پاکستان کی امید روشن ہو جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔