بھارت دہشت گردی کا الزام لگانے سے پہلے اس کی تحقیقات کرلیا کرے، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 5 مارچ 2015
 کوئی ملک تنہا دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں کرسکتا، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

کوئی ملک تنہا دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں کرسکتا، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والی دہشت گردی کے تمام اعداد و شمار اور رپورٹس موجود ہیں لیکن اسے کسی ملک پر الزام لگانے سے پہلے اس کی تحقیقات کرلینی چاہئے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں کے فوری بعد کسی ملک پر الزام لگانے سے پہلے اس کی مکمل تحقیقات کرلینی چاہیئے، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور اس نے اس ناسور سے نمٹنے کے لئے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں زیادہ اقدامات کئے ہیں اور ہم اس سلسلے میں دوسرے ممالک سے بھی اسی طرح کے کردار کی توقع کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کوئی ملک تنہا دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں کرسکتا اس لئے اس  کے مکمل خاتمے کے لئے  عالمی برادری کے درمیان وسیع ترتعاون کی ضرورت ہے اور خاص طور پر ممالک کے درمیان تجارت، توانائی ، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور سعودی فرمانروا کے درمیان مفید بات چیت ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زوردیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔