کرکٹ بورڈ تنقیدی نشتر برسانے والوں پر ٹوٹ پڑا

سلیم خالق  جمعـء 6 مارچ 2015
عامرسہیل،سرفراز نوازاورخالد محمود کو 10،10کروڑ روپے ہرجانے کے نوٹس جاری فوٹو: فائل

عامرسہیل،سرفراز نوازاورخالد محمود کو 10،10کروڑ روپے ہرجانے کے نوٹس جاری فوٹو: فائل

 کراچی: پی سی بی تنقیدی نشتر برسانے والوں پر ٹوٹ پڑا اور ٹیم کی شکست پر میچ فکسنگ کا شبہ ظاہر کرنے والے سابق کرکٹرز عامر سہیل، سرفراز نواز اور سابق بورڈ چیف خالد محمود کو 10،10کروڑ روپے ہرجانے کے نوٹس ارسال کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے ابتدائی دونوں میچز میں بھارت اور ویسٹ انڈیز سے بدترین شکستوں کے بعد ناقدین کی توپوں کا رخ پی سی بی اور کھلاڑیوں کی جانب ہو گیا تھا، ایسے میں بعض افراد نے فکسنگ کا شبہ بھی ظاہر کیا، اس حوالے سے نجم سیٹھی اور معین خان کی شخصیات کو نشانہ بنایا گیا۔

بورڈ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے گذشتہ روز سابق ٹیسٹ کرکٹرز عامر سہیل، سرفراز نواز اور سابق بورڈ چیف خالد محمود کو10،10کروڑ روپے ہرجانے کے قانونی نوٹس ارسال کر دیے، ان سے کہا گیا ہے کہ 14روز میں اپنے بیانات پر تحریری معافی مانگیں، بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چیف سلیکٹر معین خان کی کیسینو تنازع کے بعد وطن واپسی پر بھی بعض حلقوں نے شکوک ظاہر کیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔