کالی آندھی سورماؤں کے قدم اکھاڑنے کیلیے بے قرار

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 6 مارچ 2015
گیل ویسٹ انڈین امیدوں کے محور جب کہ بھارت شامی پر بھونیشور کمار کو ترجیح دے گا۔ فوٹو: فائل

گیل ویسٹ انڈین امیدوں کے محور جب کہ بھارت شامی پر بھونیشور کمار کو ترجیح دے گا۔ فوٹو: فائل

پرتھ: ورلڈ کپ پول بی میں کے اہم میچ میں کالی آندھی بھارتی سورماؤں کے قدم اکھاڑنے کیلیے بے قرار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں اب تک بھارت کی کارکردگی کافی بہتر رہی ہے، بھارت اس نے پہلے مقابلے میں پاکستان کو 76 اور پھر جنوبی افریقہ کو 130 رنز سے شکست دی، عرب امارات کے خلاف اسی گراؤنڈ پر ٹیم نے 9 وکٹ سے فتح پائی۔ مسلسل کامیابیوں کی بدولت دھونی الیون کے حوصلے کافی بلند اور وہ ویسٹ انڈین چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہے، گیل کے خلاف ان کا ریکارڈ کافی اچھا ہے، اس کے باوجود کپتان سمجھتے ہیں کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ اس بار بھی گیل کو جلد قابو کرلیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ جب کوئی انفرادی پلیئر چھکوں پر انحصار کرتا ہو تو اس کے لیے آپ کیا فیلڈ سیٹ کریں گے؟ ایونٹ میں اب تک بھارت کی جانب سے ٹاپ بولر ثابت ہونے والے روی چندرن ایشون کہتے ہیں کہ وہ کیریبیئن ہارڈ ہٹرز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ محمد شامی کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے گذشتہ میچ میں بھونیشور کمارکو کھلایا گیا تھا، ماضی میں ان کا گیل کے خلاف ریکارڈ اچھا رہا اس لیے انھیں آزمانے کا امکان ہے۔ ٹریننگ کے دوران موہت شرما کے بائیں ہاتھ پر چوٹ لگی مگر وہ میدان میں اترنے کیلیے فٹ ہیں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو گیل سے زیادہ امیدیں وابستہ ہیں، اگرچہ انھوں نے چند ٹریننگ سیشنز میں حصہ نہیں لیا لیکن سابق کپتان ڈیرن سیمی کہتے ہیں کہ وہ بالکل ٹھیک اور میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔