حصص مارکیٹ، اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی سے مزید 126 پوائنٹس ریکور

بزنس رپورٹر  جمعـء 6 مارچ 2015
فوٹو: آن لائن/فائل

فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: مختلف شعبوں کے سرمایہ کاروں کی جانب سے نئی پوزیشن لینے اور نچلی قیمتوں میں مستحکم کمپنیوں کے حصص کی خریداری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 33300 کی حد بحال ہوگئی۔

53.46 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی21 ارب99 کروڑ53 لاکھ 97 ہزار 819 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، این بی ایف سیزاور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر65 لاکھ 37 ہزار673 ڈالر کا انخلا بھی کیا گیا لیکن تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ مقامی کمپنیوں کی جانب سے 11 لاکھ 60 ہزار942 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں 37 لاکھ34 ہزار893 ڈالر، میوچل فنڈز 11 لاکھ1 ہزار624 ڈالراور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے5 لاکھ40 ہزار214 ڈالرکی سرمایہ کاری کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 125.89 پوائنٹس کے اضافے سے 33368.84 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس71.75 پوائنٹس کے اضافے سے 21787.45 اور کے ایم آئی30 انڈیکس357.98 پوائنٹس کے اضافے سے53836 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت2.08 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر17 کروڑ 65 لاکھ 20 ہزار280 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار361 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں193 کے بھاؤ میں اضافہ، 150 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔