سندھ میں بیورو کریسی حکومت سے زیادہ طاقتور ہوگئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 6 مارچ 2015
 وفاق اورسندھ حکومت میں جاری سردجنگ کے باعث انتظامی امورمتاثر،بیوروکریسی پریشان فوٹو: فائل

 وفاق اورسندھ حکومت میں جاری سردجنگ کے باعث انتظامی امورمتاثر،بیوروکریسی پریشان فوٹو: فائل

 کراچی:  سندھ میں بیوروکریسی حکومت سے زیادہ طاقتورہوگئی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ  اور سیکریٹری داخلہ وبلدیات عہدوں سے ہٹائے جانے کے باوجود بدستورکام کررہے ہیں اور معمول کے مطابق دفتری احکام جاری کررہے ہیں ۔

وفاقی اورسندھ حکومت میں جاری سردجنگ کے باعث نہ صرف صوبے کے انتظامی امورمتاثر ہوئے ہیں بلکہ بیوروکریسی میں بھی شدیدبے چینی پائی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اس معاملے پروزیراعظم سے براہ راست رابطہ کریں گے،چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے وزیراعلیٰ کے احکام کونظر اندازکردیا ہے اور وہ بدستور اپنے عہدے پرکام کررہے ہیں۔

سجاد سلیم جمعرات کوڈیڑھ ماہ بعداچانک سیکریٹریٹ میں اپنے دفتر پہنچ گئے جہاں انھوں نے معمول کے مطابق فرائض انجام دیے اورایڈیشنل سیکریٹری سروسزون کے عہدے پررفیق مصطفی کوتعینات کرنے کاآرڈرجاری کیا، رفیق مصطفی کواس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ کے احکام پرایڈیشنل سیکریٹری سروسز ون کے عہدے سے ہٹا کر ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات بنادیاگیاتھا۔

دوسری جانب سیکریٹری داخلہ وبلدیات سندھ عبدالکبیر قاضی بھی بدستور سیکریٹری داخلہ اورسیکریٹری بلدیات کے عہدے پرکام کررہے ہیں اورمعمول کے مطابق ٹرانسفر پوسٹنگ کے احکام جاری کررہے ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ یہ دونوں افسران سویلین حکومت سے زیادہ طاقت ور بن گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔