مراد سعید کیس میں وڈیو سامنے آگئی، الزامات کی تصدیق

نمائندگان ایکسپریس  جمعـء 6 مارچ 2015
2 اساتذہ کے جھگڑے کے باعث ڈگری روکی گئی، آج عدالت جاؤں گا، رکن قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

2 اساتذہ کے جھگڑے کے باعث ڈگری روکی گئی، آج عدالت جاؤں گا، رکن قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

پشاور / اسلام آباد: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے ڈگری کیس میں11منٹ کی وڈیو سامنے آگئی ہے جبکہ مراد سعید نے کہا ہے کہ وہ ڈگری روکے جانے کے خلاف آج عدالت سے رجوع کریں گے۔

مراد سعید کیس میں پشاور یونیورسٹی کے انتہائی اہم عہدوں پر فائز افسران کو فارغ کرنے کا امکان ہے، انوائرنمنٹل سائنسز ڈپارٹمنٹ کے مجاز افسر کے مطابق مراد سعید کے حوالے سے انھیں اعلیٰ حکام نے ہدایات جاری کی تھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے11منٹ کی خفیہ وڈیو بھی جاری کی گئی جس میں تمام الزامات کی باقاعدہ تصدیق کی گئی ہے۔ امتحان کے لیے فی پرچہ3300 روپے کا یونیورسٹی بینک اکاؤنٹ میں جمع کرایا جانا ضروری ہے لیکن مراد سعید نے فیس جمع نہیں کرائی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایم این اے کے غیر قانونی کیس کو قانونی حیثیت دینے کے لیے ڈپارٹمنٹ چیئرمین اور کنٹرولز امتحانات نے خفیہ میٹنگ کی ہے۔

پشاور یونیورسٹی کے ترجمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ انکوائری جاری ہے جس کی رپورٹ پیر تک اعلیٰ حکام کو پیش کردی جائے گی۔ادھر مراد سعید نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پشاور یونیورسٹی میں2 ٹیچروں کے جھگڑے کی وجہ سے میری ڈگری روکی گئی ہے، یونیورسٹی انتظامیہ کے ناروا رویے کے خلاف آج عدالت سے رجوع کروں گا جب تک اس معاملے میں اپنے آپ کو کلئیر نہیں کرواتا تحریک انصاف کے فورم پر نظر نہیں آؤں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔