افغانستان فورسز کا آپریشن میں 121 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ

خبر ایجنسیاں  جمعـء 6 مارچ 2015
افغان حکام نے 80 فیصد علاقہ بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کا بھی دعویٰ کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

افغان حکام نے 80 فیصد علاقہ بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کا بھی دعویٰ کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کابل: افغان فورسز نے 11صوبوں میں مشترکہ آپریشن کے دوران121 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ملک کا80 فیصد علاقہ بارودی سرنگوں سے پاک کردیا گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونیوالوں میں24 غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔ افغان وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہاکہ افغان فوج اور پولیس نے ملک کے 11 صوبوں ننگرہار، تخار، سری پل، بلخ، قندہار، زابل، ارزگان، وردگ، لوگر، غزنی، پکتیا اور ہلمند میں طالبان جنگجوؤں کیخلاف آپریشن کیا۔

افغان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ہلمند میں جاری ذوالفقار نا می آپریشن میں افغان فوج کے سیکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آئی این پی کے مطابق افغانستان میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کا80 فیصد علاقہ بارودی سرنگوں سے پاک کردیا گیا ہے، امید ہے کہ 2023 تک افغانستان بارودی سرنگوں سے پاک ملک ہوگا۔ افغانستان میں 1989 سے بارودی سرنگیں صاف کرنے والی متعدد تنظیموں نے کارروائیوں کا آغاز کیا اور ملک بھر میں 2.1 ملین سے زائد بارودی سرنگوں کو دریافت کرکے تلف کردیا گیا۔ آن لائن کے مطابق آپریشن کے دوران 3 طالبان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔