دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 6 مارچ 2015
موثر حکومتی اقدامات کی بدولت کراچی کے حالات تیزی سے بہتری کی طرف جارہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف  فوٹو: پی آئی ڈی

موثر حکومتی اقدامات کی بدولت کراچی کے حالات تیزی سے بہتری کی طرف جارہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف فوٹو: پی آئی ڈی

مدینہ منورہ: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہتری کے لیے ہرقدم اٹھائیں گے اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے۔

مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن خراب کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے جب کہ دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے حکومت کی جانب سے جرأت مندانہ فیصلے کئے جس کے پیش نظر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس میں پاک فوج کو اہم کامیابیاں ملیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے آرمی ایکٹ میں ترمیم بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ موثر حکومتی اقدامات کی بدولت کراچی کے حالات تیزی سے بہتری کی طرف جارہے ہیں اگرماضی میں بروقت فیصلے کئے جاتے تو اس طرح کے چیلنجز کے سامنا نہ کرنا پڑتا تاہم عزم کر رکھا ہے کہ کراچی میں امن کی روشنیاں بحال کریں گے۔

وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 3 سالوں میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا اور سال 2017 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی جس سے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جب کہ ملکی معیشت میں سمندر پار پاکستانیوں کا کردار اہم ہے اور حکومت اصلاحات کے ذریعے طرز حکمرانی مزید بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل حکومتی فیصلوں کی شفافیت کی تائید کررہی ہے،جب حکومت سنبھالی تو زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے کم تھے لیکن اب اسٹیٹ بینک کے ذخائر بھی 11 ارب ڈالرزتک پہنچ چکے ہیں اور امید ہے کہ اس میں مزید بہتری لائی جائے گی جب کہ حکومتی فیصلوں میں شفافیت کو ہر سطح پریقینی بنایا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان صدر سے مختلف امور پر ہم آہنگی ہے اور افغانستان سے تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے جب کہ بھارت کی جانب سے سرحد پر فائرنگ کے واقعات باعث تشویش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔